کابل (خصوصی رپورٹ) افغانستان کی امارت اسلامیہ کی وزارت خارجہ نے مولوی اسد اللہ (بلال کریمی) کو چین میں سفیر تعینات کر دیا، جو 24 نومبر 2023 کو چین کے دارالحکومت بیجنگ پہنچے، عوامی جمہوریہ چین کی وزارت خارجہ کے خصوصی نمائندے یو شاؤیونگ اور ان کے وفد نے ان کا استقبال کیا۔ مولوی اسد اللہ نے گزشتہ روز اسناد تقرر کی کاپی چین کی وزارت خارجہ کے پروٹوکولز کے سربراہ ہانگ لی کے حوالے کیں۔ اس ملاقات میں ہانگ لی نے افغان سفیر کا خیرمقدم کیا اور اسے چین اور افغانستان کے درمیان تعلقات کی ترقی میں ایک اہم قدم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ چین افغانستان کی قومی خودمختاری اور افغانستان کے عوام کے فیصلوں کا احترام کرتا ہے اور افغانستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرتا اور نہ ہی ماضی میں مداخلت کی ہے۔ چین میں افغانستان کے نئے سفیر بلال کریمی نے کہا مجھے چین میں امارت اسلامیہ کے سرکاری سفیر اور غیر معمولی نمائندے کے طور پر اپنا کام شروع کرنے پر خوشی ہے۔