پاکستان کے دو بلائنڈ کرکٹ کوچز نے آسٹریلیا کی بلائنڈ کرکٹرز کی کوچنگ کی۔ بلائنڈ کرکٹ آسٹریلیا نے پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل سے کوچنگ کیلئے دو کوچز کی درخواست کی تھی۔
پاکستان کے سابق کپتان عبدالرزاق اور محمد جمیل آسٹریلیا میں کوچنگ کر رہے ہیں، کوچز کے اخراجات بلائنڈ کرکٹ آسٹریلیا اٹھا رہی ہے۔
پہلے مرحلے میں پاکستانی کوچز نے ایڈیلیڈ میں آسٹریلوی بلائنڈ کرکٹرز کی کوچنگ کی۔
پاکستان کے بلائنڈ کوچز 8 دسمبر تک برسبین میں کھلاڑیوں اور کوچز کو ٹریننگ دیں گے۔
چیئرمین پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل سید سلطان شاہ نے کہا ہے کہ ہمارے لئے یہ اعزاز کی بات ہے کہ ہمارے کوچز آسٹریلیا میں ٹریننگ دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ آسٹریلیا نے اس حوالے سے بہت تعاون کیا، پاکستان کے کوچز مرد و خواتین بلائنڈ کرکٹرز کو ٹریننگ دے رہے ہیں۔