اسلام آباد (وقائع نگار+ خبر نگار خصوصی+ سب تکرپورٹ) سیکرٹری خزانہ امداد اللہ بوسال نے کہا الیکشن کمشن کو دو دن میں مختص انتخابی فنڈز جاری کر دئیے جائیں گے۔ الیکشن کمشن نے فروری 2024ء میں ہونے والے عام انتخابات کے لیے مختص فنڈز ریلیز نہ ہونے کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری وزارت خزانہ کو طلب کیا تھا۔ امداد اللہ بوسال نے الیکشن کمشن حکام سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا الیکشن کمشن کی طرف سے 14 نومبر کو فنڈز کی فراہمی کیلئے خط لکھا گیا جو 18 نومبر کو وزارت خزانہ کو موصول ہوا۔ فنڈز کے اجرا کے لیے مختلف سطح سے منظوری ضروری ہوتی ہے، اگلے دو دن میں الیکشن کمشن کے مطلوبہ فنڈز جاری کر دیے جائیں گے۔ جتنی الیکشن کمشن کی ضرورت ہے وہ فنڈز جاری کر دیں گے۔ ادھر نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ الکیشن کمشن کی مالی ضرورت پوری کرنے کیلئے کوئی بحران نہیں۔ نگران وفاقی کابینہ نے الیکشن کمشن کی بجٹ ضروریات کیلئے 42 ارب روپے کی منظوری دی تھی۔ دس ارب روپے کی رقم پہلے ہی جاری کی جا چکی ہے۔ الیکشن کمشن نے منظور شدہ بجٹ کی رقم میں سے 17.4 ارب روپے جاری کرنے کیلئے رابطہ کیا ہے۔ ای سی پی کو جو بھی بجٹ کی رقم درکار ہو گی‘ اس کی ضرورت کے مطابق جاری کی جائے گی۔ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کیلئے الیکشن کمشن کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔ الیکشن کمشن نے آئندہ عام انتخابات میں فوج کی تعیناتی کیلئے وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا۔ الیکشن کمشن کے مطابق آئندہ عام انتخابات کیلئے 5 لاکھ 91 ہزار 106 سکیورٹی اہلکار درکار ہیں۔ چاروں صوبوں کے آئی جیز نے بتایا کہ دستیاب نفری 3 لاکھ 28 ہزار 510 ہے۔ آئندہ عام انتخابات کیلئے 2 لاکھ 77 ہزار 558 سکیورٹی اہلکاروں کی کمی کا سامنا ہے۔