کراچی کے علاقے عائشہ منزل پر آگ سے متاثرہ عمارت میں رہائش کے قابل قرار دے دیا گیا۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) سینٹرل فیصل عبداللّٰہ چاچڑ نے سب تک نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکنیکل کمیٹی نے متاثرہ عمارت میں رہائش کی اجازت دے دی ہے۔
ایس ایس پی سینٹرل کا کہنا ہے کہ متاثرہ عمارت کی چاروں منزلیں رہائش کے قابل ہیں، پولیس اور ریسکیو اہلکار رہائشیوں کو ان کے گھر پہنچانے میں مدد کر رہے ہیں۔
عمارت کے رہائشیوں کو ضروری سامان لانے کی اجازت دے دی گئی، فلیٹوں کے مکینوں کو باری باری اندر بھیجا جا رہا ہے، لیڈی پولیس اہلکار اور دیگر حکام بھی ساتھ جا رہے ہیں۔
دوسری جانب آتشزدگی واقعہ کے بعد سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے حکام نے متاثرہ عمارت کا دورہ کیا۔
عمارت کے دورے کے بعد ایڈیشنل ڈی جی ایس بی سی اے کا کہنا ہے کہ عمارت کے گراؤنڈ فلور کو نقصان ہوا ہے، لیکن عمارت کے انفرااسٹرکچر کو نقصان نہیں پہنچا ہے، فلیٹس محفوظ ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ شب عائشہ منزل کے قریب عرشی شاپنگ سینٹر میں خوفناک آتش زدگی کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہو گئے تھے جبکہ 1 شخص جھلس کر شدید زخمی ہوا تھا، جس کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
مال میں لگی آگ سے کروڑوں کا سامان جل کر خاکستر ہو گیا، فائر بریگیڈ کی گاڑیوں نے کئی گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔