کراچی میں جاری نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں ایبٹ آباد، کراچی وائٹس اور پشاور ریجن نے اپنے اپنے میچز میں کامیابی حاصل کرلی۔
ایبٹ آباد اور لاہور وائٹس کے درمیان میچ نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جہاں ایبٹ آباد نے لاہور وائٹس کو 22 رنز سے شکست دے دی۔
ایبٹ آباد نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سجاد علی کے 6 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 90 رنز اور کامران غلام کے 6 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 87 رنز کی بدولت 6 وکٹ کے نقصان پر 205 رنز اسکور کیے۔
جواب میں لاہور وائٹس کی ٹیم 8 وکٹ پر 183 رنز اسکور کرسکی، محمد فائق 63 اور سعد نسیم 57 رنز بناکر نمایاں رہے۔
این بی پی اسپورٹس کمپلیکس پر کراچی وائٹس اور فاٹا کے درمیان ہونے والے میچ میں کراچی وائٹس کی ٹیم 8 وکٹ سے فاتح رہی۔
فاٹا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹ پر 139 رنز بنائے، کراچی وائٹس نے 19 اوورز میں ہد ف حاصل کرلیا، اوپنر عماد عالم 53 اور خرم منظور 49 رنز کے ساتھ نمایاں اسکورر رہے۔
یو بی اسپورٹس کمپلیکس پر کھیلا گیا میچ 7 وکٹ سے پشاور ریجن کے نام رہا، راولپنڈی ریجن کی ٹیم 107 رنز پر آؤٹ ہوگئی، محمد عمران نے 16 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو پویلین روانہ کیا۔ پشاور ریجن نے ہدف 13.2 اوورز میں باآسانی حاصل کرلیا۔