لاہور(لیڈی رپورٹر)یونیورسٹی آف سرگودھا میں شعبہ علوم اسلامیہ کے زیر اہتمام پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے ’’پاکستانی جامعات میں بین المذاہب پروگراموں کے مذہبی رواداری اور افہام و تفہیم پر اثرات‘‘ کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ جس کے دوران ادیانِ عالم کے مابین مشترکات کی بنیاد پر بین المذاہب مکالمہ کی فضا کو قائم کرنا اور ان کے مابین ثقافتی ٹکراؤ کو روکنے کیلئے قیام امن، انسانی اقدار کے تحفظ، مذہبی رواداری اور تحمل و برداشت کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ سیمینار میں ڈائریکٹر کو آرڈی نیشن پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر تنویر قاسم، چیئرپرسن سیرت چیئر اوکاڑہ ڈاکٹر عبدالغفار، چیئرپرسن شعبہ علوم اسلامیہ ڈاکٹر فرحت نسیم علوی اور دیگر فیکلٹی ممبران سمیت طلبا و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔