پاکستان مسلم لیگ ن کے پارلیمانی بورڈ کا پانچواں اجلاس لاہور میں جاری ہے۔
مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف اور پارٹی صدر شہباز شریف پارلیمانی اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں۔
اجلاس کے شرکاء میں میں مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف، الیکشن سیل کے سربراہ اسحاق ڈار، سیکریٹری جنرل احسن اقبال اور پنجاب کے صدر رانا ثناء اللّٰہ بھی شامل ہیں۔
بورڈ اجلاس میں پارٹی کے مرکزی اور صوبائی عہدے داروں کے علاوہ ڈویژنل کوآرڈینیٹرز بھی شریک ہیں۔
یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کا پارلیمانی بورڈ آج بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن سے امیدواروں کا انتخاب کرے گا۔
نواز شریف تمام امیدواروں سے الگ الگ ملاقاتیں کر کے ان کے انٹرویوز بھی کریں گے، آج بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان ڈویژنز کے امیدواروں کے انٹرویو کیے جائیں گے۔
پارلیمانی بورڈ 2 دسمبر سے اب تک سرگودھا ڈویژن، ڈسٹرکٹ راولپنڈی، ہزارہ، مالاکنڈ ڈویژن اور صوبہ بلوچستان میں پارٹی امیدواروں کے ناموں پر غور کر چکا ہے۔