عالمی شہرت یافتہ پرتگالی فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کا شمار تاریخ کے بہترین فٹبالرز میں ہوتا ہے لیکن ان کا موازنہ ہمیشہ ارجنٹائن کے لیجنڈ فٹبالر لیونل میسی سے کیا جاتا ہے۔
کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ کرسٹیانو رونالڈو سب سے عظیم فٹبالر ہیں جب کہ کچھ لوگ لیونل میسی کو بہترین قرار دیتے ہیں۔
لیکن اس بحث کے باوجود بھی ایسا لگتا ہے کہ زیادہ تر لوگ اس بات سے اتفاق کرتے ہیں کہ کرسٹیانو رونالڈو زیادہ بہتر پیشہ ورانہ معیارات اور نظم و ضبط کے حامل ہیں۔
کوچ اینڈریا پیرلو نے رونالڈو کی لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کا اس وقت خود تجربہ کیا جب وہ 2020ء سے2021ء کے سیزن میں اطالوی فٹ بال کلب یووینٹس کے کوچ تھے اور اس دوران انہوں نے کرسٹیانو رونالڈو سمیت کئی کھلاڑیوں کی کوچنگ کی۔
اینڈریا پیرلو نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ اطالوی فٹ بال کلب یووینٹس کی کوچنگ ایک بہترین تجربہ تھا کیونکہ یہ ایک نوجوان اور نئی ٹیم تھی اور مجھے اس پر کوئی پچھتاوا نہیں ہے۔
اُنہوں نے کرسٹیانو رونالڈو کی کوچنگ کرنے کے تجربے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ رونالڈو کی کوچنگ سے یہ بات سمجھ آئی کہ وہ کیسے دنیا کا نمبر 1 فٹبالر ہے۔
اینڈریا پیرلو نےکہا کہ کرسٹیانو رونالڈو ہر چیز میں ایک مثالی پیشہ ور انسان ہے، وہ کھانا پینا، ٹریننگ اور پریکٹس ہر چیز بہت زیادہ نظم و ضبط کے ساتھ کرتا ہے۔
واضح رہے کہ کرسٹیانو رونالڈو نے اطالوی فٹ بال کلب یووینٹس کی ناصرف شہرت حاصل کرنے میں بلکہ کلب کی آمدنی میں اضافہ کرنے میں بھی مدد کی۔