اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب رہنما پرویز الہٰی کے ذاتی معالج ڈاکٹر نعمان نصیر کو اڈیالہ جیل میں ملاقات کی اجازت دے دی۔
چوہدری پرویز الہٰی کی درخواست پر اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں سماعت ہوئی جس کے دوران ان کے وکیل عمیر شفیق پیش ہوئے۔
پرویز الہٰی کے وکیل نے کہا کہ پرویز الہٰی دل کے مریض ہیں اور گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں طبیعت خراب ہوئی، وہ ذاتی معالج ڈاکٹر نعمان سے چیک اپ کروانے کے خواہاں ہیں۔
پرویز الہٰی کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ہفتے کے روز ڈاکٹر نعمان نصیر کو پرویز الہٰی سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔
بعد ازاں اے ٹی سی کی جانب سے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ کو ڈاکٹر نعمان کی پرویز الہٰی سے ملاقات کے احکامات جاری کر دیے گئے۔