صوبائی حکومت نے سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ (ایس ٹی بی بی) کے چیئرمین آغا سہیل کو معطل کر دیا۔
سندھ حکومت کی جانب سے ٹیکسٹ بک بورڈ کے چیئرمین آغا سہیل کو عہدے سے ہٹانے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق آغا سہیل کو قواعد کی خلاف ورزی اور کرپشن کے الزامات کے باعث عہدے سے ہٹایا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق آغا سہیل پر درسی کتابوں کی چھپائی میں کرپشن کے الزامات تھے جبکہ انہیں محکمۂ تعلیم نے غیر قانونی ٹینڈر جاری کرنے سے منع کیا تھا۔
چیئرمین آغا سہیل کو عہدے سے ہٹانے کے بعد گریڈ 20 کے اختر بگٹی کو سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کے چیئرمین کا اضافی چارج دے دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اختر بھٹی صوبائی محتسب میں بطور ڈی جی کام کر رہے ہیں۔
دوسری جانب ایس ٹی بی بی کے چیئرمین کے عہدے سے فارغ ہونے والے آغا سہیل پٹھان کا کہنا ہے کہ سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ میں ایک پبلشر فیملی کی اجارہ داری تھی جسے ختم کیا۔
انہوں نے کہا کہ با اثر فیملی نے اجارہ داری ختم ہونے پر مجھے عہدے سے ہٹوایا ہے۔
آغا سہیل پٹھان کا کہنا ہے کہ پہلے میرے تبادلے کی کوشش کی گئی جسے الیکشن کمیشن نے مسترد کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ عہدے سے ہٹائے جانے کے خلاف عدالت سے رجوع کریں گے، حکومتِ سندھ کے اقدامات سے آئندہ سال کتب کی چھپائی کا عمل متاثر ہو گا۔