گلگت بلتستان، کشمیر اور خیبر پختونخوا میں جمعرات سے بارش اور پہاڑوں پر برف باری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
طویل خشک موسم کے بعد بالائی علاقوں میں بارش اور برف باری کی خبر آہی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں سردی کی شدت برقرار ہے، جمعے کو بلوچستان میں بادل برسنے کا امکان ہے۔
بلوچستان کے شمالی اور شمال مغربی اضلاع میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق قلات میں پارا منفی 6 ڈگری تک گرنے سے تالابوں میں پانی جم گیا۔
پنجاب اور بالائی سندھ میں دھند کا سلسلہ برقرار ہے جبکہ اسلام آباد، راولپنڈی اور پشاور سمیت متعدد شہر دھند کی لپیٹ میں ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 31 پروازیں منسوخ اور 14 تاخیر کا شکار ہوگئیں جبکہ پشاور تا اسلام آباد، ہزارہ، سوات روڈ پر ٹریفک معطل ہے۔