غزہ پٹی اور مغربی کنارے میں 7 اکتوبر سے اسرائیلی حملوں میں 4 ہزار 500 سے زائد طلبا شہید ہوچکے ہیں۔ غزہ میں فلسطینی وزارت تعلیم نے اعداد و شمار جاری کردیے۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق غزہ پٹی، مغربی کنارے میں اسرائیلی حملوں سے 8 ہزار 193 دیگر افراد زخمی ہوئے، غزہ پٹی میں اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں 4 ہزار 510 طلبا شہید اور7 ہزار911 زخمی ہوئے۔
فلسطینی وزارت تعلیم کے مطابق مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز کے حملوں میں 41 طلبا شہید اور 282 زخمی ہوئے، مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز نے 85 طلبا کو گرفتار کر رکھا ہے۔
رپورٹ کے مطابق غزہ پٹی میں اسرائیلی بمباری میں 231 استاد اور اکیڈمک کارکن شہید اور 756 زخمی ہیں، جبکہ مغربی کنارے میں 6 استاد زخمی اور 71 گرفتار ہیں۔
فلسطینی وزارت تعلیم کے اعداد و شمار کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ پٹی کے 346 اسکولوں پر بمباری کی، بمباری کا نشانہ بننے والے 56 اسکول اقوام متحدہ کے ادارے کے زیر انتظام تھے۔
اسرائیلی بمباری سے غزہ پٹی کے 83 اسکولوں کو شدید نقصان پہنچا، 7 مکمل تباہ ہوئے۔
مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز، یہودی آبادکاروں نے 38 اسکولوں کو شدید نقصان پہنچایا۔
اسرائیلی فورسز نے غزہ پٹی کی 90 فیصد تعلیمی عمارتوں پر بمباری کی، غزہ پٹی میں 133 اسکولوں کو پناہ گزینوں کےلیے کیمپ میں تبدیل کیا گیا ہے۔
مغربی کنارے میں 55 سے زائد اسکول اسرائیلی فورسز، یہودی آبادکاروں کے حملوں کے باعث بند کردیے گئے۔