چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے انتخاب کےلیے پی سی بی الیکشن کمشنر کے پاس چار ہفتوں کا وقت ہے۔
پی سی بی آئین کے آرٹیکل 7 شق 2 کے تحت الیکشن کمشنر کے پاس انتخابات کیلئے 4 ہفتے ہیں، چیئرمین کا عہدہ خالی ہونے کے بعد چار ہفتوں کے اندر انتخابات کروانا ہوں گے۔
کرکٹ بورڈ کا آئین کہتا ہے کہ الیکشن میں منتخب چیئرمین کو انتخاب کے بعد ایک ہفتے میں چارج لینا ہوگا۔
وزیراعظم نے ذکا اشرف کے استعفی کی منظوری 22 جنوری کو نوٹیفائی کیا، استعفے کی منظوری کے ساتھ آئینی طور پر چیئرمین کے اختیارات الیکشن کمشنر شاہ خاور کو منتقل ہوئے ہیں۔
شاہ خاور کیلئے بطور قائم مقام چیئرمین پہلا ٹاسک بورڈ آف گورنرز (بی او جیز) کی تشکیل ہے، بی او جیز کی تشکیل مکمل ہونے کے بعد انتخابات کےلیے بی او جیز کا غیر معمولی اجلاس بلایا جائے گا۔
بی او جیز میں وزیراعظم نے پنجاب کے نگراں وزیر اعلیٰ محسن نقوی کو نامزد کیا ہے، محسن نقوی ہی چیئرمین کے مضبوط امیدوار ہیں۔
محسن نقوی کے پاس پی سی بی الیکشن میں جانے سے قبل نگراں وزیراعلیٰ کی ذمہ داری مکمل کرنے کا موقع موجود ہے۔
ملک میں عام انتخابات 8 فروری کو ہوں گے، پی سی بی قائم مقام چیئرمین کے چار ہفتے 22 فروری کو مکمل ہوں گے، آئی سی سی قوانین کی وجہ سے چیئرمین بننے سے قبل محسن نقوی کو سرکاری عہدہ چھوڑنا ہوگا۔
فروری کے آخر تک محسن نقوی تمام سرکاری ذمہ داریوں سے سبکدوش ہوسکیں گے۔