قومی اسنوکر چیمپئن شپ کا ٹائٹل اسجد اقبال نے جیت لیا۔ اویس اللّٰہ کو بیسٹ آف تھرٹین پر مشتمل فائنل کے آخری فریم میں مات دی۔
نیشنل بینک اسپورٹس کمپلیکس میں 48ویں قومی اسنوکر چیمپئن شپ کے فائنل میں اسجد اقبال اور اویس اللّٰہ مدمقابل آئے۔
کھیل کے پہلے سیشن میں اویس اللّٰہ، اسجد اقبال کے خلاف تین کے مقابلے میں پانچ فریمز سے آگے رہے مگر اسجد اقبال نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے مسلسل تین فریمز جیت کر ایک فریم کی برتری حاصل کی۔
12ویں فریم میں اویس اللّٰہ جیت گئے تو مقابلہ 6-6 سے برابر ہوگیا، تیرہواں اور آخری فریم اسجد اقبال نے باآسانی جیت کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
ایونٹ کے اختتام پر کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ بابر مسیح کو 140 کا بریک کھیلنے پر انعام دیا گیا، فائنل کے رنرز اپ اویس اللّٰہ کو ایک لاکھ روپے نقد اور ٹرافی دی گئی۔
فاتح کھلاڑی اسجد اقبال کو وننگ ٹرافی کے ساتھ دو لاکھ روپے انعام دیا گیا۔
نیشنل اسنوکر چیمپئن شپ کا فائنل جیو سوپر سے براہ راست نشرکیا گیا۔