پاکستانی نژاد برطانوی کرکٹر شعیب بشیر کو تاحال بھارت کا ویزا نہیں ملا۔
ویزا تاخیر کی وجہ سے شعیب بشیر بھارت کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے باہر ہوگئے تھے۔
شعیب بشیر انگلینڈ ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ ہیں اور وہ اتوار کو ٹیم کے ساتھ سفر نہیں کر پائے تھے، سمر سیٹ کے آف اسپنر ابوظبی میں کیمپ کے بعد انگلینڈ واپس چلے گئے تھے، انگلینڈ میں شعیب بشیر از سر نو بھارت کے ویزا کے لیے اپلائی کریں گے۔
انگلش کپتان بین اسٹوکس نے شعیب بشیر کے ساتھ بھارتی رویے پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایک نوجوان پلیئر کے ساتھ ایسا رویہ دیکھنا کافی مایوس کن ہے۔
بین اسٹوکس کا کہنا ہے کہ شعیب بشیر پہلے کھلاڑی نہیں جن کے ساتھ ایسا ہوا ہے۔
پاکستان سے تعلق کی وجہ سے آسٹریلیا کے عثمان خواجہ کو بھی گزشتہ سال تاخیر سے ویزا ملا تھا جبکہ گزشتہ برس برطانیہ میں مقیم 2 پاکستانی نژاد صحافی بھی ورلڈ کپ کی کوریج سے محروم رہے تھے۔