عام انتخابات کے لیے پولنگ کے وقت کا آغاز ہوگیا، پولنگ اسٹیشن پر انتخابی عملے نے ذمہ داریاں سنبھال لیں، پولنگ ایجنٹس کو خالی بیلٹ باکس دکھا کر سیل کردیے گئے، ووٹرز پولنگ اسٹیشن پہنچنا شروع ہوگئے، پولنگ بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔
صبح سویرے ملک بھر میں الیکشن کی گہما گہمی، سوچنے کا وقت گیا، فیصلے کی گھڑی آگئی، شناختی کارڈ اٹھاؤ، قدم بڑھاؤ، نکلو اپنی تقدیر آپ لکھنے کے لیے، ساڑھے پانچ سال بعد سیاستدان کٹہرے میں، عوام جج بن گئے، کون پسند آیا، کس نے کام کر دکھایا، کس کے دعوؤں پر آس، کس کے وعدوں پر اعتماد، عوام کی رائے جاننے کےلیے ملک بھر میں انتخابی معرکہ جاری ہے۔
کون حکومت بنائے گا اور کون اپوزیشن میں جائے گا؟ آج پتا چل جائے گا، آج 12 کروڑ پچاسی لاکھ سے زائد ووٹر قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 855 حلقوں میں امیدواروں کو چنیں گے۔
اس مرتبہ ملکی تاریخ کے سب سے زیادہ 17 ہزار 816 امیدوار میدان میں ہیں، 882 خواتین امیدوار اور 4 خواجہ سرا بھی جنرل نشستوں پر الیکشن لڑ رہے ہیں، قومی اسمبلی کے لیے5121 امیدوار میدان میں اترے ہیں۔
پنجاب اسمبلی کے لیے 6710، خیبر پختونخوا اسمبلی کے لیے 1834، بلوچستان اسمبلی سے 1237 اور سندھ اسمبلی کے لیے 2878 امیدوار مقابلے میں ہیں۔
عام انتخابات کے لیے ملک بھر میں 90 ہزار 675 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جس میں سے 27 ہزار 628 حساس اور 18 ہزار 437 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔
سیکیورٹی فورسز کے 5 لاکھ اہلکار سیکیورٹی کی ذمہ داری سنبھالیں گے، پولیس پہلے درجے پر، پھر پیرا ملٹری فورسز اور آخری درجے میں پاک فوج بطور کوئیک رسپانس فور س ذمہ داری نبھائے گی۔
پولنگ اسٹیشن پر امن و امان کی صورتِ حال کنٹرول کرنے کے لیے پریزائیڈنگ افسران کو مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات تقویض کیے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ووٹر کو قومی اسمبلی کیلئے سبز اور صوبائی اسمبلی کیلئے سفید بیلٹ پیپر دیا جائے گا، ووٹ ڈالنے کیلئے ووٹر کو اصل شناختی کارڈ دکھانا لازم ہوگا۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ چار انتخابی حلقوں میں امیدواروں کی اموات کی وجہ سے پولنگ ملتوی کی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ووٹ صرف اصل قومی شناختی کارڈ پر ہی ڈالا جاسکے گا، زائد المعیاد شناختی کارڈ پر بھی ووٹ دیا جاسکتا ہے۔
Pakistan election 2024 | Election 2024 Constituencies | Election 2024 candidates |