کراچی (آئی این پی ) سپریم کورٹ کے جسٹس منیب اختر نے گجر، اورنگی اور محمود آباد نالے متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی سے متعلق درخواست سننے سے معذرت کرلی۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں جسٹس منیب اختر اور جسٹس محمد علی مظہر پر مشتمل بینچ کے روبرو گجر، اورنگی اور محمود آباد نالہ متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔ جسٹس منیب نے کیس سننے سے معذرت کرلی۔ نئے بینچ کی تشکیل تک سماعت ملتوی کردی گئی اور نئے بینچ کی تشکیل کے لئے معاملہ چیف جسٹس معاملہ چیف جسٹس آف پاکستان کو بھیج دیا گیا۔ جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیئے کہ بینچ بن گیا تو جمعے کو دوسرے سیشن میں سماعت کرلیں گے۔ کراچی رجسٹری کے باہر اورنگی، گجر نالہ متاثرین نے احتجاج کیا۔ جس میں خواتین کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔ متاثرین اپنا وعدہ وفا کرو، ہمارا حق ادا کرو کے نعرے لگارہے تھے۔ متاثرین کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے دو سال تک 15 ہزار ماہانہ کرائے کی مد میں ادا کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ ہمیں چار چیک کی ادائیگی کی گئی اس کے بعد کچھ نہیں ملا۔ چار چیک دینے کے بعد ادائیگی روک دی گئی ہے۔ متاثرین نے جلد سے جلد متبادل گھر فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔