کراچی میں پولنگ سامان اور عملے کی عدم موجودگی کے باعث این اے 236 کے متعدد پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ کا عمل تاخیر کا شکار ہوا تو ووٹرز گھروں کو لوٹنے پر مجبور ہوگئے۔
اطلاعات کے مطابق کراچی کے علاقے عسکری فیز فور میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 236 اور صوبائی حلقہ 100 میں پولنگ 3 بجے شروع ہوئی۔
ووٹرز کا کہنا تھا کہ ہم صبح سے پولنگ شروع ہونے کے منتظر تھے، پولنگ 3 بجے شروع ہوئی ہے اور اب یہ عمل 5 بجے بند کر دیا جائے گا۔
اس دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے بھی سوشل میڈیا پر ووٹ ڈالنے کے بعد اپنی تصویر شیئر کی۔
شاہد آفریدی نے اسی حلقے این اے 236 میں اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔
انہوں نے اپنی تصویر سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر دوپہر 3 بجکر 38 منٹ پر شیئر کی، اسی دوران اس حلقے سے پولنگ میں تاخیر کی شکایات سامنے آرہی تھیں تاہم شاہد آفریدی نے اپنے پیغام میں اس قسم کا کوئی ذکر نہیں کیا۔