اسلام آباد ( سب تکرپورٹ) نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے عام انتخابات 2024 ء کے کامیاب انعقاد پر قوم کا تہہ دل سے شکریہ اور مبارکباد دی ہے۔ انوار الحق کاکڑ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن، عبوری صوبائی حکومتوں، مسلح افواج، سول آرمڈ فورسزکی کاوشیں قابل تعریف ہیں۔ آزادانہ انتخابات کے انعقاد میں پولیس، انتخابی عملے، میڈیا کی کاوشوں کو سراہتا ہوں۔ نگران وزیر اعظم نے کہا کہ یہ اہم موقع ہمارے جمہوری عمل کی لچک اور طاقت کا ثبوت ہے۔ پاکستان کے عوام کی شرکت اور جوش و خروش اس جمہوری مشق کا سنگ بنیاد رہا ہے۔ ماڈل سکول فار بوائز جی سکس فور میں پولنگ سٹیشن کے دورے کے موقع پر صحافی کی جانب سے موبائل فون سروس بند ہونے سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے نگران وزیراعظم نے کہا کہ مجھے نہیں پتا ابھی تک کیا مشکلات ہیں، لیکن ملک میں دہشت گردی کی لہر ہے، بہت سی جگہوں پر سکیورٹی تناظر میں کوئی فیصلہ کیا گیا ہے، اسے اسی تناظر میں دیکھنا چاہیے۔ پولنگ سٹیشن کے دورے کے موقع پر نگران وزیراعظم کو پریزائیڈنگ اور اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران کی جانب سے بریفنگ بھی دی گئی۔