لاہور ( سب تکرپورٹ) وزیراعلیٰ محسن نقوی نے صوبائی الیکشن کمشن آفس کا دورہ کیا۔ صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز انور چوہان نے محسن نقوی کا خیر مقدم کیا۔ محسن نقوی اور صوبائی الیکشن کمشنر کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں صوبے میں پرامن ماحول میں عام انتخابات کیلئے بہترین انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ پنجاب بھر میں پولنگ پرامن انداز سے مکمل ہوئی۔ تمام متعلقہ محکموں اور صوبائی الیکشن کمیشن کے درمیان بہترین کوآرڈینیشن رہی۔ پنجاب حکومت کے بہترین انتظامات کے باعث صوبہ بھر میں امن وامان کی صورتحال کنٹرول میں رہی۔ لوگوں نے آزادانہ طورپر اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ محسن نقوی نے ریواز گارڈن کے پولنگ سٹیشن میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ وزیراعلی نے قطار میں کھڑے ہو کر باری کا انتظار کیا اور اپنی باری پر پولنگ افسر سے بیلٹ پیپرز لئے اور انتخابی نشان پر مہر لگا کر بیلٹ پیپرز باکس میں ڈالے۔ محسن نقوی نے سول سیکرٹریٹ میں عام انتخابات کے انتظامات کی مانیٹرنگ کیلئے قائم محکمہ داخلہ کے مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا اور عام انتخابات کیلئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ محسن نقوی نے کہاکہ اللہ تعالی کے فضل و کرم اور پنجاب حکومت کی شبانہ روز محنت کے باعث عام انتخابات کا مرحلہ پرامن اور احسن انداز میں مکمل ہوا۔ پولیس، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مل کرعام انتخابات کے دوران امن وامان کی فضا کو برقرار رکھا۔ علاوہ ازیں محسن نقوی کی سبزہ زار آمد، 40سمارٹ تھانوں کا ورچوئل سنگ بنیاد رکھ دیا۔ ایکسیویٹرکے ذریعے زمین کی کھدائی کر کے تھانہ شیراکوٹ کے تعمیراتی کاموں کا آغاز کیا لاہور میں 22جبکہ دیگر شہروں میں 18سمارٹ پولیس سٹیشن تعمیر ہوں گے۔ دوسری جانب 25 روز میں پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی نئی لیب و ڈائیگناسٹک سینٹرآپریشنل ہوگیا جبکہ پی آئی سی کا سیکنڈ اور تھرڈ فلورکے اپ گریڈیشن کا کام بھی مکمل ہوگیا۔ محسن نقوی نے سٹیٹ آف دی آرٹ نئی لیب و ڈائیگناسٹک سینٹر اور سیکنڈ اور تھرڈ فلور کا افتتاح کردیا۔