بھارتی معروف خوبرو اداکارہ یامی گوتم کے ہاں جَلد پہلے بچے کی آمد متوقع ہے، اس خبر سے متعلق اداکارہ کے شوہر رائٹر و ہدایتکار ادتیہ دھر نے بھی تصدیق کر دی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ یامی گوتم جَلد ماں بننے والی ہیں، میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ شوبز سے تعلق رکھنے والا یہ جوڑا رواں سال مئی میں اپنے پہلے بچے خوش آمدید کہے گا۔
واضح رہے کہ حال ہی میں اداکارہ نے ایک تقریب میں شرکت کی تھی، جس کے بعد سے ان کے حمل سے متعلق افواہیں زیرِ گردش تھیں جس کی اب اُن کے شوہر نے باقاعدہ طور پر تصدیق کر دی ہے۔
یاد رہے کہ سال 2021ء میں یامی گوتم اور بالی ووڈ کے رائٹر وہدایتکار ادتیہ دھر نے شادی کی تھی، اس شادی کو سوشل میڈیا پر خوب پزیرائی ملی تھی۔
اداکارہ یامی گوتم نے 2012ء میں بطور اداکارہ اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔
اُن کی اداکار ایوشمان کھرانہ کے ساتھ پہلی فلم ’وکی ڈونر‘ نے شہرت کے نئے جھنڈے گاڑے تھے اور یہی فلم اُن کی شہرت کا بھی سبب بنی تھی۔
یامی گوتم پاکستانی معروف اداکار و گلوکار علی ظفر کے ساتھ فلم ’ٹوٹل سیاپا‘ میں بھی کا م کر چکی ہیں۔