پاکستان مسلم لیگ ن کے منحرف رہنما اور سابق وفاقی وزیر مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ آج تحریک انصاف کا ووٹر نکلا مگر مسلم لیگ ن کا نہیں نکلا۔
ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے عام انتخابات 2024 کے نتائج سے متعلق اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سے خیبر تک آزاد امیدوار ہی جیت گئے۔ ابتدائی نتائج میں پی ٹی آئی اور بعد میں رزلٹ بدل جانا حیرت انگیز ہے۔مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ جمہور کی رائے فارم 47 نہیں۔ نواز شریف کے حلقے میں جماعت اسلامی، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی کو ایک ووٹ بھی نہیں ملا. 22 لوگوں میں سے صرف 4 کو ووٹ ملے باقیوں کو صفر ملا، یہ مذاق ہورہا ہے؟سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ لاہور میں جو رزلٹ پی ٹی آئی والوں نے دے دیے کمال کردیا، پنجاب کے بیشتر علاقوں میں پی ٹی آئی آگے تھی۔ سب کو دیکھنا چاہیے کہ عوام نے کیا کیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی جمہوری سوچ نہیں اور نہ میں نے انہیں ووٹ دیا ہے لیکن اگر میں جمہوری ہوں. میں دیکھ رہا ہوں کہ عمران خان کو ووٹ پڑے ہیں. پھر اسکا مینڈیٹ چوری کروں تو یہ غلط بات ہوگی، پھر ووٹ کو عزت دو کے نعرے کا کیا ہوگا؟مفتاح اسماعیل نے مزید کہا کہ آج اسٹاک مارکیٹ گری. صورتحال سب کے سامنے ہے، نواز شریف کو سب کو بٹھا کر معاملات بہتر کرنے چاہیئں۔