اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن )کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ جب تک نتائج 50 فیصد سے زیادہ نہ ہوجائیں، حتمی ٹرینڈ کا کچھ نہیں کہہ سکتے۔ایک انٹرویو میں رہنما (ن )لیگ احسن اقبال نے کہا کہ ابتدائی نتائج پر ٹرینڈ سیٹ نہیں کرسکتے۔احسن اقبال نے کہا کہ ہم بھی کہہ رہے ہیں جلد از جلد نتائج چاہئیں، ہم سب جاگ کر نتائج کا انتظار کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نتائج کا جلدی اعلان ہوجائے تو ہم سب خوش ہوں گے، موبائل فون بند تھے تو اس سے سب کا نقصان ہوا، ہمیں بھی مشکلات کا سامنا رہا۔احسن اقبال نے کہا کہ 2018 کے مقابلے میں پْرامن انتخابات ہوئے ہیں، پاکستان کو مستحکم حکومت کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ نئی حکومت کو آئی ایم ایف کے ساتھ بھی بات چیت کرنی پڑے گی، نئی حکومت کو ریفارمز پروگرام کو بھی آگے بڑھانا پڑے گا۔ایک سوال کے جواب میں احسن اقبال نے کہا کہ میں نارووال میں ہوں، ہم نتائج اکٹھا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔