این اے 130 سابق وزیراعظم نواز شریف کی کامیابی کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔ آزاد امیدوار اشتیاق چوہدری ایڈووکیٹ نے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی ۔ درخواست میں ریٹرنگ افسر، الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ۔درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ نواز شریف فارم 45 کے مطابق ہار چکے ہیں، نواز شریف نے مبینہ ملی بھگت سے فارم 47 میں خود کو فاتح قرار دیا، فارم 45 کے نتائج ہمارے پاس موجود ہیں، عدالت فارم 45 کے مطابق نتائج جاری کرنے کا حکم دے، عدالت الیکشن کمیشن کو حتمی نتیجہ جاری کرنے سے روکنے کا حکم دے، عدالت دوبارہ گنتی کا حکم دے اور فارم 47 کا نتیجہ کالعدم قرار دے۔ خیال رہے کہ ملک کے سب سے بڑے ٹاکرے میں قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف نے حلقہ این اے 130سے تحریک انصاف کی حمایت یافتہ آزاد امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد کو شکست دیدی جبکہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف ،سینئر نائب صدر مریم نواز اور نائب صدر حمزہ شہباز نے بھی قومی و صوبائی حلقوں میں کامیابی حاصل کر لی۔ غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف لاہور کے حلقہ این اے 130سے ایک لاکھ 71ہزار 24ووٹ لیکر کامیاب ہوئے جبکہ پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد کو ایک لاکھ 15ہزار 43ووٹ ملے۔دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور سینئر نائب صدر مریم نواز نے بھی قومی و صوبائی حلقوں میں کامیابی حاصل کر لی۔ غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجے کے مطابق سابق وزیراعظم شہباز شریف لاہور سے صوبائی اور قومی اسمبلی کی سیٹیں بچانے میں کامیاب ہو گئے، انہوں نے حلقہ این اے 123سے 63ہزار 953ووٹ لیے، شہباز شریف کے مد مقابل آزاد امیدوار افضال عظیم پاہٹ 48ہزار 486ووٹ ہی لے سکے۔مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 158سے 38ہزار 642ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جبکہ آزاد امیدوار چودھری یوسف علی 23ہزار 874ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔