پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ کل سے جو تماشالگایا گیاہے،میں دیکھ رہی تھی کہ ایک وکٹری تقریر کی جا رہی تھی انہیں شرم بھی نہیں آرہی کہ وکٹری سپیچ ہوتی کیا ہے ۔چار لوگ چالیس سیٹیں لیکر حکومت بنانے کا دعویٰ کررہے ہیں۔اڈیالہ جیل کے باہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرا خیال تھا جوفیملی کھڑی ہے اسے شرم آ رہی ہوگی۔ اگر عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کا حمایت یافتہ کوئی آزاد امیدوار کسی بھی پارٹی میں گیا تو لوگ خود ان سے حساب لیکر اپنا ووٹ واپس لے لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ووٹ چوری ہوئے ہیں ہمیں ہمارا مینڈیٹ واپس دیا جائے، وہ پرانا زمانہ تھا کہ لوگ 5 ہزار روپے پر ووٹ ڈلواتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ علیمہ خان نے فارم 45 کی بنیاد پر 180 سیٹیں جیتنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے فیصلہ کرلیا ہے ، اب اپنے نمائندے خود چنیں گے۔آٹھ فروری کو ملک میں انقلاب آگیا، لوگوں نے فیصلہ کرلیا اب وہ اپنے نمائندے خود چنیں گے۔علیمہ خان کامزید کہناتھا کہ ہمارے امیدواروں کے پاس 180 سیٹوں کے فارم 45 موجود ہیں ، الیکشن کمیشن اندرونی جھگڑا حل کرے، ہمارے فارم 45 ہاتھوں میں ہیں ، اب ہمارے لوگوں سے فارم 45 چھیننے کیلئے چھاپے مارے جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ امیدواروں کو ٹکٹ بانی پی ٹی آئی نے امانت کے طور پر دیا ، امیدواروں کودی گئی امانت بانی پی ٹی آئی کی نہیں عوام کی ہے۔ انہوں نے کہا اب عوام ان پارٹیوں کے جھانسے میں نہیں آئیں گے جو پہلے ان کے پیسے لوٹتے ہیں پھر ان دوبارہ آکر ان کا مستقبل بھی لوٹ لیتے ہیں۔الیکشن کے نتائج پر پوری دنیا میں ہمارا مذاق بنا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس ووٹ کی حفاظت کریں۔ہمیں خود بھی اپنے ووٹ کا تحفظ کرنا چاہئے ۔پاکستانی قوم نے آٹھ فروری کو سمجھ داری سے اپنے حق کا استعمال کیا ہے۔