حلقہ این اے 58 سے آزاد امیدوار ایاز امیر نے کہا ہے کہ میرے ووٹ ایک لاکھ 54 ہزار سے زائد ہیں جو کم کیے گئے۔
چکوال میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آزاد امیدوار ایاز امیر کا کہنا تھا کہ میرے حلقے کے عوام کے ووٹوں پر ڈاکا ڈالا گیا۔
ایاز امیر نے کہا کہ فارم 45 کے مطابق میں 25 ہزار سے زائد کی لیڈ سے جیتا ہوں۔
انکا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں رکھ کر بھی یہ کچھ نہیں کر سکے، ہماری جماعت نے پورے ملک سے کلین سویپ کیا ہے۔
ایاز امیر نے کہا کہ پولیس والے ن لیگ کے الیکشن ایجنٹ کا کردار نبھاتے نظر آتے رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو پر امن احتجاج کا راستہ اپنائیں گے۔
ایاز امیر نے سوال اٹھایا کہ پی ڈی ایم 2 کی حکومت کیسے بنے گی؟