لاہور (خصوصی نامہ نگار)منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کو اقوام متحدہ کے ادارے ’’یونیورسل پیس فیڈریشن‘‘ کی طرف سے آسٹریا(ویانا) میں سفیر امن کا عالمی اعزاز ملنے پر مرکزی سیکرٹریٹ میں پروقار تقریب تحسین منعقد ہوئی جس میں مرکزی قائدین کی طرف سے اْنہیں کھڑے ہو کر مبارکباد دی گئی۔ صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل نے کہا کہ ’’یونیورسل پیس فیڈریشن‘‘ کی طرف سے کسی بھی پاکستانی کو ملنے والا یہ پہلا ایوارڈ ہے۔یہ ایوارڈ منہاج القرآن انٹرنیشنل اور منہاج یونیورسٹی لاہور کی طرف سے بین المذاہب راوداری کے فروغ کی عملی کاوشوں کے اعتراف میں دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ منہاج یونیورسٹی لاہور کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ جس نے ورلڈ ریلیجنز پر سب سے زیادہ بین الاقوامی کانفرنسز منعقد کیں اور 2 کروڑ سے زائد اقلیتی آبادی کے لئے اْن کے مذہب میں اعلیٰ تعلیمی ڈگری پروگرامز کا اجراء کیا جس کا اعتراف دنیا بھر سے کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی ادارے غیر قانونی امیگریشن اور ہیومن سمگلنگ کی روک تھام، انتہا پسندی کے تدارک کیلئے منہاج یونیورسٹی لاہور کے ساتھ مل کر تحقیقی سطح پر کردار ادا کرنے میں دلچسپی لے رہے ہیں اور اس ضمن میں دنیا کی نامور یونیورسٹیاں ایم او یو پر دستخط کررہی ہیں، یہ بھی پاکستان کا ایک اعزاز ہے۔