لاہور(نیوز رپورٹر)پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر آصف بشیر کی ہدایت پر پنز میں نرسنگ سٹاف کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں مزید اضافہ کیلئے تربیتی کورس کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ تربیتی کورس کو نرسنگ سپرنٹنڈنٹ رضیہ شمیم سپروائز کررہی ہیں۔ رضیہ شمیم نے کہا کہ مذکورہ کورس سے نہ صرف مریضوں کو عالمی معیار کی طبی سہولیات کی فراہمی کی راہ ہموار ہو گی بلکہ کورس میں شریک نرسز کو مریضوں کی بہتر دیکھ بھال، وارڈ مینجمنٹ، ریکارڈ کی تکمیل، ڈسپلن اور ہیلتھ کئیر کمیشن کے ایس او پیز سے متعلق اپنی ذمہ داریوں کو نکھارنے کا موقع ملے گا۔ ایسے تربیتی کورسز شعبہ طب سے وابستہ افراد کو عصرحاضر کے طبی تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ نرسیں ہمارے ہیلتھ کئیر سسٹم میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں۔ بالخصوص نیورو سرجری کے حساس شعبے میں اعلیٰ تربیت یافتہ نرسز کے بغیر مریضوں کے کامیاب علاج معالجے کا تصور بھی محال ہے۔ نرسز کیلئے جدید تربیتی سہولیات کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔