صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ شہریوں کے مینڈیٹ کا احترام ہونا چاہیے اور اسے کھل کر تسلیم کرنا چاہیے۔
اپنے بیان میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کے عوام خاص طور پر خواتین کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ خواتین مشکلات کے باوجود باہر نکلیں، جمہوریت کی مضبوطی کےلیے ووٹ دیا۔
عارف علوی نے کہا کہ نوجوان بھی داد کے مستحق ہیں کہ انہوں نے ووٹنگ میں حصہ لے کر ملک کی باگ ڈور سنبھالنے کا فیصلہ کیا، ان کا جمہوریت پر یقین، ولولہ اور تعمیر ملت کا عزم تاریخ رقم کرے گا۔
صدر مملکت نے مزید کہا کہ مالی بحران سے نکلنے، مشکل فیصلے کرنے کےلیے حقیقی مینڈیٹ ضروری تھا جو نظر آرہا ہے، ہمیں اس پُرجوش جذبے کا جشن منانا چاہیے اور دنیا کو پاکستان کا یہ خوبصورت چہرہ دکھانا چاہیے۔
صدر عارف علوی نے یہ بھی کہا کہ شاندار مستقبل پر میرا اعتماد مضبوط ہوا ہے کیونکہ لوگوں نے کُھل کر اپنی مرضی کا اظہار کیا۔