آئین کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس انتخابات کے 21ویں دن طلب کیا جائے گا، نتائج کے بعد وزیراعظم کے چناؤ سمیت دیگر مراحل طے کیے جاتے ہیں۔
پاکستان کے آئین کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس انتخابات کے 21ویں دن طلب کیا جائے گا۔
انتخابات کے نتائج آجانے کے بعد وزیراعظم کے چناؤ سمیت دیگر مراحل کس طرح طے کیے جائیں گے؟ اسکی تفصیل سامنے آگئی۔
پاکستان کے 12ویں انتخابات میں عوامی نمائندوں کے چناؤ کا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے۔
آئین کے آرٹیکل 92 شق 2 کے تحت الیکشن کے 21ویں روز قومی اسمبلی کا اجلاس بلایا جائے گا، اجلاس بلانے کےلیے وزارت پارلیمانی امور سمری تیار کرے گی۔
نگران وزیر اعظم قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی سمری صدر مملکت کو ارسال کریں گے اور صدر مملکت آئین کے آرٹیکل 48 کے تحت نگران وزیراعظم کی ایڈوائس پر قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کریں گے۔
سب سے پہلے قومی اسمبلی کے منتخب ارکان حلف اٹھائیں گے اور پھر اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا چناؤ کیا جائے گا، اس کے بعد ارکان قومی اسمبلی نئے وزیراعظم کا انتخاب کریں گے۔
وزیراعظم کے انتخاب کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد قومی اسمبلی سیکرٹریٹ صدر کو خط ارسال کرے گا کہ قومی اسمبلی سے منتخب وزیراعظم کی حلف برداری کا انتظام کیا جائے۔
آئین کے آرٹیکل 91 فائیو کے تحت صدر منتخب وزیراعظم کو عہدہ سنبھالنے کے لیے بلائیں گے اور ان سے حلف بھی لیں گے جبکہ اگلے مرحلے میں وزیر اعظم وفاقی وزراء اور وزراء مملکت کا تقرر کریں گے۔
1985 میں صدرمملکت وزیراعظم کا تقررکر کے 60 روز میں انہیں قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کا کہتے تھے تاہم بعد میں آئین کی اس شق کو ختم کردیا گیا۔