جے یوآ ئی کے سیکریٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ بلوچستان کی سطح پر ہمیں ہرایا گیا، شاید 2018 میں بھی ایسا نہیں ہوا۔
کوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے مرکزی عاملہ کا اجلاس 14 فروری کو طلب کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قلات میں جوہان کے علاقے میں 7 پولنگ اسٹیشنز میں پولنگ نہیں ہوئی۔
مولانا عبدالغفور حیدری نے یہ بھی کہا کہ پی بی 36 قلات سے سعید لانگو کی جیت کو ہار میں بدل دیا گیا، قلات کے علاقے جوہان میں دوبارہ پولنگ کا مطالبہ کرتے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ بلوچستان میں الیکشن کو مذاق بنا گیا، صبح الیکشن ایک جیتا، شام کو دوسرا جیت گیا۔
اس موقع پر موجود میر سعید لانگو نے کہا کہ قلات کے علاقے جوہان کے 7 پولنگ اسٹیشنز میں ری پولنگ کروائی جائے۔
میر سعید لانگو نے یہ بھی کہا کہ ایک بار فارم 47 جاری ہونے کے بعد دوبارہ فارم 47 جاری ہونا غیرقانونی ہے۔