سکھر؍ راولپنڈی؍ لاہور؍ چمن؍ گوجرانوالہ؍ کسووال ( سب تکرپورٹ+ نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) جمعیت علماء اسلام نے انڈس ہائی وے جوہی موڑ دادو پر دھرنا دے دیا۔ مرکزی جنرل سیکرٹری جمعیت علماء اسلام مولانا راشد محمود سومرو نے دھرنے سے خطاب میں کہا ہے کہ الیکشن مکمل مسترد کرتے ہیں۔ تاریخ کی بدترین دھاندلی ہوئی ہے۔ فارم 45 میں کتاب 900 اور تیر 3، آر او کے فارم میں تیر 900 اور کتاب 3 ہو گئے۔ دھاندلی میں ملوث آر اوز اور ڈی آر اوز کو معطل کیا جائے۔ پی ٹی آئی کارکنان نے انتخابی نتائج میں مبینہ دھاندلی کیخلاف پریس کلب پر احتجاج کیا۔ الیکشن کمشن دفاتر کے باہر احتجاج کیا جا رہا ہے۔ جبکہ راولپنڈی میں پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج کیا گیا۔ راولپنڈی پولیس نے پی ٹی آئی احتجاج کو تھانوں کی سطح پر روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جس تھانے کی حدود میں مظاہرین جمع ہوں یا ریلی نکالیں وہیں سختی سے روکا جائے۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشن کے دفتر کو کنٹینر لگا کر سیل کر دیا گیا۔ جبکہ پی ایچ اے دفتر میں قائم آر او آفس مرکزی گیٹ کو بند کر دیا گیا۔ پولیس نے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشن کے دفتر کے باہر شیلنگ شروع کر دی جبکہ صحافیوں کو بھی پولیس نے تشدد کا نشانہ بنایا۔ پی ٹی آئی ہے کارکنوں کو گرفتار بھی کر لیا۔ لاہور میں این اے 119 سے امیدوار شہزاد فاروق کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔ پشاور موٹروے ٹول پلازہ پر پی ٹی آئی کے ورکرز کا دھرنا جاری ہے۔ علاوہ ازیں چمن میں حالیہ ہونے والے انتخابات میں پی بی 51 میں مبینہ دھاندلی کے خلاف اے این پی کے کارکنوں کا درہ کوڑک پر تیسرے روز بھی احتجاج جاری ہے۔ پی بی 51 چمن کے نتائج میں آر او کی جانب سے مبینہ طور پر تبدیلی کرنے پر اے این پی کے کارکنوں نے احتجاج کے دوران قومی شاہراہ کو آج تیسرے روز بھی ٹریفک کیلئے مکمل بند رکھا جس سے شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ درہ کوڑک کے مقام پر اہم شاہراہ کی بندش سے چمن کا مواصلاتی رابطہ ملک بھر سے منقطع ہوچکا ہے۔ دریں اثناء گوجرانوالہ میں تحریک لبیک پاکستان کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت تحریک لبیک پاکستان کے لیگل ایڈوائزر گوجرانوالہ ڈویژن عبدالقادر گل ایڈووکیٹ، ضلعی سرپرست اعلیٰ پیر سید محمد فاروق شاہ سیفی، ضلعی امیر چودھری محمد نصیر احمد ججہ، ضلعی ناظم اعلیٰ علامہ محمد یعقوب رضوی نے کی۔ این اے 77 کی آزاد امیدوار راشدہ طارق کے حامیوں نے آر او آفس کے باہر احتجاج کیا۔کسووال میں بھی تحریک لبیک کی طرف سے ریلی نکالی گئی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اٹھا رکھے تھے۔ ماجد حسین رضوی سمیت تحریک لبیک کے دیگر لیڈران نے اوکانوالہ روڈ نزد مین بازار عوام سے خطاب بھی کیا اور اس تاریخی دھاندلی کرنے پر احتجاج ریکارڈ کروایا۔ تحریک لبیک کے لیڈران نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہم مظلوم کا ساتھ دیں گے اور جیتنے والوں کو ان کا حق دلوا کر رہیں گے۔ مینڈیٹ چھیننے والوں کے خلاف احتجاجی تحریک چلائیں گے۔ سب سے پہلے احتجاج کر کے ہم نے یہ ثابت کر دیا ہم کسی سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔دریں اثناء کراچی جماعت اسلامی اور دیگر جماعتوں نے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف مختلف علاقوں میں احتجاج کیا۔ جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 8 فروری کو ملک میں عوامی مینڈیٹ کی توہین کی گئی، یہ الیکشن کرانا نہیں چاہتے تھے اس لئے موبائل سروسز بند کردی لیکن اس کے باوجود پاکستان کے عوام اپنی رائے دینے کے لئے گھروں سے باہر نکلے۔ اندرون سندھ کے مختلف شہروں میں عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف جمیعت علمائے اسلام (ف) اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کا مشترکہ احتجاج اور دھرنا جاری رہا، دھرنے کے باعث سکرنڈ بائی پاس کے دونوں اطراف گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔ مسافر ٹرانسپورٹرز پریشان ہوگئے۔ سانگھڑ میں بھی جی ڈی اے اور جے یوآئی نے مشترکہ احتجاج کیا۔ مظاہرین نے پریس کلب چوک پر سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کر کے میرپور خاص روڈ کو بند کر دیا۔ جیکب آباد میں جے یو آئی ف کا جمالی بائی باس پر دھرنا جاری ہے۔ دھرنے کے باعث جمالی بائی باس پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں، مسافر پریشان ہوگئے۔