لاہور ( سب تکرپورٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے برڈ ووڈ روڈ پر محکمہ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئرکا دورہ کیا اور محکمہ صحت کے ایف ایم ریڈیو ’’صحت زندگی‘‘ کا افتتاح کیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ایف ایم ریڈیو ’’صحت زندگی‘‘ کے سٹوڈیوز اور مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ایف ایم ریڈیو ’’صحت زندگی‘‘ کیلئے پیغام ریکارڈ کرایا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل کے مختلف شعبوں کے ماہرین کو ایف ایم ریڈیو ’’صحت زندگی‘‘ پر مدعو کیا جائے اور عوام کو صحت کے حوالے سے آگاہی دی جائے۔ ایف ایم ریڈیو ’’صحت زندگی‘‘ کی نشریات لاہور میں تقریباً50کلو میٹر کے دائرہ کار میں سنی جا سکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مختصر عرصے میں متعدد ہسپتالوں کو اپ گریڈ کیا ہے۔ ہسپتالوں میں عدم دستیاب سہولتیں مہیا کی ہیں۔ پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ مل کر نئے آپریشن تھیٹرز، ایم آر آئی مشین اور دیگر سہولتوں کا بندوبست کریں گے۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ایچ آر آئی ایم ایس، او آر آئی ایم اور ایچ آئی ڈی یو کا بھی افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ نے رات گئے پراجیکٹ کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مزار بی بی پاکدامن کو ایمپرس روڈ سے منسلک کرنے والی سڑک کی تعمیر کے پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیا اور نئی سڑک کی تعمیر کے ساتھ گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے مخصوص جگہ کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایمپرس روڈ تک 20فٹ چوڑی نئی سڑک کی تعمیر سے زائرین کو مزار تک آسان رسائی حاصل ہو گی۔