سابق سیاستدان عثمان ڈار نے ووٹ چوری ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے جعلی فارم 45 تو بنا لیے، ہمارے دستخط، انگوٹھے یہ لوگ کہاں سے لائیں گے۔
ریحانہ ڈار اور اُن کے بیٹے عثمان ڈار نے لاہور ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کی ہے۔
اس دوران عثمان ڈار نے کہا ہے کہ لاہورہائی کورٹ میں ان کا نوٹیفیکیشن رکوانے کی استدعا کرنے کے لیے آئے ہیں، مطالبہ کرتا ہوں میری والدہ کے حلقے کا الیکشن دوبارہ کرایا جائے، جس طرح ڈاکا ڈالا گیا ہے ایسے تو کوئی ووٹ ڈالنے بھی نہیں جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ خواجہ آصف 3 الیکشن ہار چکے ہیں، اس دفعہ بھی خواجہ آصف 354 پولنگ اسٹیشنز سے ہارے ہیں، ہمارے پاس تمام فارم 45 موجود ہیں، خواجہ آصف اور ان کی ٹیم نے آج تک ایک بھی فارم 45 پبلک نہیں کیا، ہم اپنے تمام فارم 45 سب کے سامنے پیش کر چکے ہیں۔
عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ میری والدہ ان کے خلاف پٹیشن دائر کرنے جارہی ہیں، والدہ 50 ہزار ووٹوں سے جیت رہی تھیں انہیں ہرا دیا گیا، میں نے سیاست چھوڑ دی ہے لیکن والدہ کو نہیں چھوڑ سکتا۔
عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو پتہ چل گیا تھا کہ شکست ہوگئی ہے، ایک نہتی عورت کو انتخابی مہم تک کی اجازت تک نہیں دی گئی، سیالکوٹ کے ووٹرز کی توہین کی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خواجہ سعد رفیق نے اپنی شکست قبول کی، سیالکوٹ کے ووٹرز کے حق پر ڈاکا ڈالا گیا، امید ہے الیکشن کمیشن انصاف کرے گا۔
دوسری جانب ریحانہ ڈار کا کہنا تھا کہ مجھے آر او آفس نہ جانے دیا گیا اور دھکے دیےگئے، الیکشن جیت چکی ہوں، سیالکوٹ خواجہ آصف کو نہیں مانتا، ڈاکا ڈالنے نہیں دوں گی، حق اور سچ کی جیت ہوگی۔