بالی ووڈ کی معروف اداکارہ ہما قریشی نے کہا کہ انہیں فلم اینیمل بہت پسند ہے، انکا کہنا تھا کہ وہ اینیمل جیسی فلم میں کام کرنا چاہتی ہیں جس میں وہ مشین گن اٹھا سکیں اور ہزاروں لوگوں کو مار دیں۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے 37 سالہ ہما قریشی نے کہا کہ انہیں فلم اینیمل کی مبالغہ آمیز مردانگی، ایکشن اور موسیقی کافی پسند آئی۔ انہوں نے فلم کو مہارت اور چالاکی پر مبنی قرار دیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں ریلیز ہونے فلم اینیمل کی ڈائریکشن سندیپ ریڈی وانگا نے دی ہے، تاہم اس ایکشن تھرلر فلم پر تشدد اور مار دھاڑ کے مناظر فلمانے پر کافی تنقید کی جارہی ہے۔
ہما قریشی نے اینیمل کے تقسیم کرنے والے انداز پر بھی اپنی آرا کا اظہار کیا۔ ہما نے کہا کہ جب انہوں نے 2013 کی ہالی ووڈ فلم وولف آف وال اسٹریٹ یا غیر روایتی اور اشتعال انگیز فلمیں دیکھیں تو بطور اداکار میں سمجھتی ہوں کہ فلم اینیمل کافی دلچسپ ہے اور میں اسی قسم کی فلم میں کام کرنا پسند کرتی ہوں۔