پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ اکثریت ہمارے پاس ہے، وزارت عظمیٰ ن لیگ کا حق ہے، تین سال میں ملک مستحکم کریں گے، تین سال بعد حکومت دوسری جماعت کو دینا دانش مندانہ فیصلہ نہیں ہو گا۔
سب تک نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ہماری سیٹوں میں اضافہ ہونا شروع ہوچکا ہے، آزاد امیدوار خود آنا چاہ رہے ہیں ہم کسی کو کوئی لالچ نہیں دے رہے۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے دنوں میں ہماری قومی اسمبلی کی نشستوں میں اضافہ ہوا ہے، کچھ آزاد امیدوار ہماری جماعت میں شامل ہوئے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو انتخابی نتائج قبول ہیں، پی ٹی آئی ہمیشہ الیکشن نتائج پر مسئلہ کرتی ہے۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ نواز شریف مایوس نہیں ہیں، کوئی کمی رہ گئی ہو تو وہ ہم حکومت میں آکر عوام کی خدمت، ریلیف دے کر پوری کریں گے، ہمیں احساس ہے کہ کہیں نا کہیں کوئی کوتاہی ہوئی ہے، تین سال میں بہت سے ایسے اقدامات کرنا پڑیں گے جس سے بعض طبقات کی تکالیف بڑھیں گی۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ جب ملک مستحکم ہوجائے گا تو حکومت دوسری جماعت کو دینا دانش مند فیصلہ نہیں ہوگا، اکثریت ہمارے پاس ہے، ن لیگ کا حق بنتا ہے وزیراعظم ہمارا ہو، میاں صاحب کا جذبہ دیکھ کر میرا اعتماد بھی بحال ہوا، ایم کیو ایم کے ساتھ ملاقات اچھی ہوئی، ایم کیو ایم کے ساتھ بہت زیادہ مثبت بات چیت ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے لوگوں کو حقیقی شکایات ہیں، کراچی میں پانی کے مسائل ہیں، دہشت گردی کے مسائل ہیں، پہلے بھی میاں صاحب نے کراچی کے مسائل حل کیے ہیں، ہم پنجاب کو مثال بنائیں گے، ہم بتائیں گے کہ صوبوں میں کس طرح حکومت اور انتظامات چلائے جاتے ہیں، پنجاب کی حکومت کو بہتر بنائیں گے۔