کراچی ( سب تکرپورٹ) جی ڈی اے نے احتجاجاً سندھ اسمبلی کی2سیٹیں چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔ جی ڈی اے کے سربراہ صدرالدین راشدی پیر پگارا نے کہا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو کے ووٹ میں بھی ’’بھٹو‘‘ سندھ سے نہیں جیتے تھے۔ بینظیر بھٹو کے دور میں بھی ایسا رزلٹ نہیں تھا۔ اب جو الیکشن ہوا یہ کام آر او یا ڈی آر او کا نہیں بلکہ کسی اور کا ہے۔ یہ اینٹی اسٹیٹ الیکشن ہے۔ مجھے چند ماہ پہلے ایک دوست نے کہا تھا جی ڈی اے ختم کر دیں۔ کہا گیا کہ ایم کیو ایم کا پیپلزپارٹی کے ساتھ کوئی جھگڑا نہیں ہے۔ ہم الیکشن کے نتائج کو مسترد کرتے ہیں۔ کہا گیا زرداری سے الائنس کر لو، فنکشنل لیگ کو نشستیں مل جائیں گی۔ میں نے کہا جی ڈی اے ختم نہیں کر سکتا۔ جب فیصلہ ہوچکا سندھ پی پی کو دینا ہے تو یہ دو سیٹیں بھی زرداری کو دے دیں۔ رہنما جی ڈی اے صفدر عباسی نے کہا کہ ہمارے دو ارکان اسمبلی حلف نہیں لے رہے۔ دوسری پارٹیوں سے رابطے کریں گے۔ جی ڈی اے نے 16 فروری کو حیدرآباد بائی پاس پر دھرنے کا اعلان کر دیا۔ اجلاس کے روز سندھ اسمبلی کے باہر احتجاج کریں گے۔ حکومت نہیں چلنے دیں گے۔