نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیرِ صدارت پنجاب کابینہ کا 40 واں اجلاس ہوا۔
اجلاس میں انتخابات کے پُرامن انعقاد پر پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
اجلاس میں محسن نقوی نے کہا کہ نگراں حکومت نے قومی ذمے داری کو احسن طریقے سے ادا کیا اور ووٹرز نے پُرامن ماحول میں حق رائے دہی استعمال کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ مختصر مدت میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے جو کرسکتے تھے وہ کرنے کی پوری کوشش کی۔
اجلاس میں اسموگ میں کمی کے لیے 10 ہزار طلبا و طالبات کو آسان شرائط پر بلاسود الیکٹرک بائیکس دینے کی منظوری بھی دی گئی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بینک کے تعاون سے 10 ہزار الیکٹرک بائیکس بلاسود آسان شرائط پر دی جائیں گی۔
علاوہ ازیں ریسکیو 1122 ایمولینسز میں ہارٹ اٹیک کے مریضوں کے لیے آٹومیٹڈ ایکسٹرنل ڈیفبریلیٹر نصب کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں بہاولپور، لاہور اور ملتان میں ڈرگ کورٹ کے چیئرپرسن کی تعیناتی کی منظوری بھی دی گئی۔