بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ ن لیگ، پی پی اور ایم کیو ایم ہماری چوری کردہ سیٹیں واپس کرے۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں علیمہ خان نے کہا کہ الیکشن کے بعد بانی پی ٹی آئی بہت خوش ہیں، انہوں نے پوری قوم کو مبارک باد دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی دو تہائی سیٹیں جیت چکی ہے، اُسے حکومت بنانی چاہیے، پولنگ ایجنٹس نے فارم 45 نکلوائے اور سارا ڈیٹا اپ لوڈ ہورہا ہے۔
بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ نے مزید کہا کہ ہمارے امیدواروں کے پاس فارم 45 ہیں، جس میں مخالفین 70 ہزار ووٹوں سے ہار رہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ اگر مینڈیٹ چوری ہوگیا تو لوگوں کو کون بتائے گا ووٹ کہاں گئے؟ ایسا نہ ہو، لوگ ووٹ مانگنے کے لیے سڑکوں پر آجائیں۔
علیمہ خان نے یہ بھی کہا کہ ن لیگ، ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی نے ہماری نشستیں چوری کیں، اخلاقی طور پر تینوں پارٹیاں پی ٹی آئی کی سیٹیں واپس کریں۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز، شہباز شریف اور نواز شریف ہارے ہیں، اخلاقی طور پر سب کو اپوزیشن میں بیٹھنا چاہیے، 4 سے 5 لوگوں نے سیٹیں واپس کی ہیں۔
بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ نے کہا کہ ساری دنیا کہہ رہی ہے کہ دھاندلی ہوئی ہے، لوگوں کا مینڈیٹ واپس کیا جائے۔