پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی صدر ، چیئرمین سینیٹ ، اسپیکر شپ کیلئے امیدوار کھڑے کرے گی،صدر کے امیدوار آصف زرداری ہوں گے، کوشش کریں گے سندھ اور بلوچستان میں بھی حکومت بنائیں،عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ پارلیمنٹ میں مسائل حل کریں گے۔ انہوں نے پیپلزپارٹی کے سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ سی ای سی اجلاس میں سیاسی اور ملک کی صورتحال پر بات چیت کی گئی، پیپلزپارٹی کا اصولی فیصلہ کہ ہم پاکستان کے ساتھ رہنا ہے اور مشکل سے نکالنا ہے، وقت آگیا ہے کہ پیپلزپارٹی ایک بار پھر پاکستان کھپے کا نعرہ لگائے، پیپلزپارٹی کے پاس وفاقی حکومت بنانے کا مینڈیٹ نہیں ہے، اس لئے فیصلہ کیا ہے کہ وزارت عظمیٰ نہیں لیں گے۔ میں وزارت عظمیٰ کا امیدوار نہیں ہوں،انہوں نے کہا کہ اس وقت پی ٹی آئی، مسلم لیگ اور پیپلزپارٹی کے ساتھ حکومت بنانے کیلئے مینڈیٹ نہیں ہے، پی ٹی آئی نے اعلان کردیا کہ وہ پیپلزپارٹی کے ساتھ مل کر حکومت نہیں بنائے گی، اس لئے پی ٹی آئی کا حکومت بنانے کا امکان ختم ہوگیا ہے۔ مسلم لیگ ن قومی اسمبلی میں بڑی جماعت ہے،مسلم لیگ ن نے ہمیں حکومت میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے، پاکستان پیپلزپارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ وفاقی حکومت میں کابینہ میں وزارتیں نہیں لے گی، کابینہ کا حصہ نہیں بنے گی ، حکومت کی تشکیل یقینی بنانے کیلئے مسلم لیگ ن کے وزیراعظم کو ووٹ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے الیکشن میں حصہ لیا ہے عوام اب مزید سیاسی عدم استحکام نہیں چاہتے، ہمیں ملک میں سیاسی عدم استحکام نظر آرہا ہے، لیکن پیپلزپارٹی افراتفری نہیں چاہتی، ملک کو سیاسی معاشی بحران اور دہشتگردی کے خطرات کا سامنا ہے۔ حکومت سازی کے عمل اور سیاسی استحکام کیلئے ایک کمیٹی بنائی ہے۔یہ کمیٹی تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ رابطے کرے گی۔ کوشش کریں گے کہ پاکستان کو بحرانوں سے نکالا جائے۔ سی ای سی نے ن لیگ کے حوالے سے کافی اعتراضات اٹھائے، کہ ہم ان کے ساتھ حکومت میں رہے ہمارے کام نہیں ہوئے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ماضی کے الیکشن کی طرح موجودہ الیکشن پر بھی تحفظات ہیں، سی ای سی نے اعتراضات اٹھائے، لیول پلیئنگ فیلڈ، دھاندلی سے متعلق سی ای سی نے فیصلہ کیا کہ احتجاج اور اعتراضات کے باوجود الیکشن کے نتائج کو قبول کریں گے۔ لیکن ساتھ ساتھ کوشش ہے کہ آئندہ الیکشن شفاف ہوں اور کوئی انگلی نہ اٹھا سکے۔ میری خواہش ہے کہ آصف زرداری ملک کے صدر بنیں،ملک جل رہا ہے آگ بجھانے کی صلاحیت صرف آصف زرداری کے پاس ہے۔ آصف زرداری پیپلزپارٹی کے صدارت کے امیدوار ہوں گے، صدر ، چیئرمین سینیٹ ، اسپیکر شپ کیلئے امیدوار کھڑے کرے گی، کوشش کریں گے سندھ اور بلوچستان میں حکومت بنائیں۔اسٹاک ایکسچینج کے پوائنٹس گر چکے، عوام فکر مند ہیں کہ مسائل ہوں گے یا نہیں؟ میں ان کو یقین دہانی دلاتا ہوں کہ پارلیمان بنے گا ، پیپلزپارٹی اپنے لئے نہیں ملک کی خاطر یقینی بنائے گی کہ حکومت چل پڑے اور عوام کے مسائل حل ہوں گے۔مسلم لیگ ن کا وزیراعظم بنا اور پرانی سیاست کی تو مشکل ہوگی۔