بالی ووڈ اداکارہ جیکولین فرنینڈس نے فراڈ اور دھوکا دہی کے حوالے سے معروف سوکیش چندراشیکھر کے خلاف شکایت درج کرائی ہے جس میں کہا گیا کہ جیل میں قید سوکیش انہیں ہراساں کرنے کے ساتھ دھمکیاں دے رہا ہے۔
پولیس کمشنر کے نام اپنے خط میں جیکولین فرنینڈس نے کہا کہ پولیس فوری طور پر اس معاملے میں مداخلت کرے، کیونکہ انہیں خطرات لاحق ہیں۔ اس سے قبل بھی وہ دہلی کی ایک عدالت میں سوکیش کی جانب سے انہیں خط یا پیغامات بھجوانے سے روکنے کی استدعا کی تھی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جیکولین فرنینڈس نے سوکیش کے خلاف اپنی شکایت دہلی کے پولیس کمشنر سنجے اروڑا کے پاس فائل کی ہے، جس میں کہا کہ وہ مہاراشٹرا کنٹرول آف آرگنائزڈ کرائم ایکٹ کے تحت درج ایک کیس میں پراسیکیوشن وٹنیس (گواہ) ہیں۔
سوکیش سے منسلک دو سو کروڑ روپے کی منی لانڈرنگ اور بھتہ لینے کا یہ کیس اکنامک آفینسس ونگ کے پاس درج ایف آئی آر کے تحت زیر تفتیش ہے اور جیکولین کیس میں گواہ ہیں۔
جیکولین نے اسپشل کمشنر آف پولیس (کرائم برانچ) کو بھی خط بھجوایا ہے۔ جس کے بعد ایک اسپشلائزڈ یونٹ کو اس شکایت کی ابتدائی انکوائری کے لیے کہا گیا ہے۔
واضح رہے کہ جنوبی بھارتی ریاست کرناٹک کے صدر مقام بنگلور سے تعلق رکھنے اور فراڈ و دھوکا دہی کے حوالے سے مشہور سوکیش چندراشیکھر ساؤتھ کی اداکارہ لینا ماریا پال کا شوہر ہے، جبکہ ماضی میں اس کا جیکولین فرنینڈس سمیت کئی اداکاراؤں سے قریبی تعلق رہا ہے۔