فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے رفح میں پناہ لیے لاکھوں فلسطینیوں کے خلاف ممکنہ اسرائیلی فوجی آپریشن کی مخالفت کر دی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران فرانسیسی صدر کا کہنا تھا کہ رفح آپریشن عالمی انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور علاقائی کشیدگی میں اضافے کا سبب بنے گا۔ایمانوئل میکرون کا کہنا تھا رفح آپریشن سے بڑے پیمانے پر انسانی تباہی اور جبری بےدخلی ہوگی۔واضح رہے کہ اسرائیلی فوج کی جنوبی غزہ اور رفح میں بمباری سے فلسطینی شہدا کی مجموعی تعداد 28 ہزار 500 سے زیادہ ہوگئی ہے۔7 اکتوبر کے بعد شروع ہونے والے اسرائیلی حملوں میں غزہ کی 90 فیصد سے زائد آبادی ہجرت کر کے رفح کے مختلف کیمپوں میں قیام پزیر ہے جہاں لاکھوں فلسطینی کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔دوسری جانب حزب اللہ نے اسرائیلی فوجی اڈے پر راکٹ حملہ کرتے ہو ئے ایک اسرائیلی فوجی کو ہلاک اور متعدد کو زخمی کردیا۔ادھر اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ حماس کی کوئی نئی تجویز نہیں ملی، حماس کے مضحکہ خیز مطالبات کو نہیں مانیں گے۔