پاکستان تحریک انصاف نے دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنے والی تمام جماعتوں سے رابطے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے پارٹی کے قائد عمران خان نے منظوری دے دی۔ تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنماء اسد قیصر نے بتایا کہ بچہ بچہ جانتا ہے الیکشن میں پی ٹی آئی کے مینڈیٹ کو چوری کیا گیا، اس حوالے سے مجھے تمام سیاسی جماعتوں سے بات کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے، ہم الیکشن میں دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنے والی جماعتوں سے رابطہ کریں گے، اس حوالے سے پی ٹی آئی ملک بھر میں احتجاجی تحریک بھی شروع کرے گی، عمران خان آج شام تک احتجاج کی تاریخ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بدترین الیکشن ہوا، پاکستان میں ہونے والےحالیہ الیکشن کو دنیا بھی نہیں مان رہی، ہم چاہتے ہیں آپس میں بیٹھ کرلائحہ عمل بنائیں، امریکا سمیت پوری دنیا نے پاکستان کے الیکشن کو مانیٹر کیا، دھاندلی سے بننے والی حکومت کی کوئی حیثیت نہیں ہوگی، ہم چیف جسٹس سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ ملک میں قانون کو اوپر لایا جائے، فارم 45 میں اور زرلت ہے اور فارم 47 میں نتائج کو تبدیل کیا گیا ہمیں جلسے نہیں کرنے دیئے گئے، ہمارے امیدواروں کو جیلوں میں ڈالا گیا لیکن انتخابات کے نتائج کے خلاف ہم احتجاج کریں گے اور عوام کے پاس جائیں گے، دھاندلی کو نہیں مانیں گے، ہم مستعفی نہیں ہوں گے بلکہ قانونی جنگ لڑیں گے، پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ایک دو دن میں بلائیں گے اس پر بات چل رہی ہے۔