بالی ووڈ اداکار ارباز خان کو 1992 کی سپر ہٹ فلم ’کھلاڑی‘ میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی لیکن وہ اس میں کام نہ کرسکے، جسکی انہوں نے وجہ بھی بتادی۔
ارباز خان نے بالی ووڈ میں اپنے کیریئر کی شروعات 1996 میں ریلیز ہونے والی فلم دراڑ سے کی جس میں انہوں نے ایک ولن کا کردار نبھایا۔
تاہم ان سے متعلق دلچسپ بات یہ بھی سامنے آئی ہے کہ انہیں اس فلم سے پہلے اکشے کمار کی سپر ہٹ فلم کھلاڑی میں کام کی پیشکش ہوئی تھی۔
اپنے تازہ انٹرویو کے دوران ارباز خان نے اکشے کمار کو سپر اسٹار بنانے والی اس فلم میں کام نہ کرنے کی وجہ بتائی۔
ارباز کا کہنا تھا میں نے فلم کھلاڑی سے قبل ایک اور فلم کو سائن کرلیا تھا، مجھے فلم کھلاڑی میں اکشے کمار کے ہی کردار کی پیشکش ہوئی تھی۔
انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مزید بتایا کہ انکی سائن کی ہوئی پہلی فلم بھی نہ بن سکی، جبکہ انکے ہاتھ سے فلم کھلاڑی بھی نکل گئی۔
واضح رہے کہ فلم کھلاڑی کی ہدایتکار عباس۔مستان نے کی تھی جبکہ فلم دراڑ کے ہدایتکار بھی عباس۔مستان ہی تھے۔
فلم دراڑ میں اپنے کام کے تجربے سے متعلق ارباز خان کا کہنا تھا کہ ایک نئے اداکار کےلیے جوہی چاولہ جیسے اسٹارز کے سامنے کام کرنا مشکل تھا، لیکن ہدایتکاروں نے کام کرنا آسان بنایا۔