سابق اداکارہ جیا بچن اور ان بالی ووڈ شہنشاہ امیتابھ بچن کے مشترکہ اثاثوں کی مالیت 1578 کروڑ (بھارتی روپے) ہے۔
دونوں کی مشترکہ دولت کی یہ رپورٹ اس وقت سامنے آئی جب جیا بچن نے منگل کو بھارتی ایوان بالا (راجیہ سبھا) کی پانچویں بار رکنیت کےلیے حلف نامہ جمع کرایا، وہ 2004 سے ایوان بالا کی رکن ہیں۔
اس حلف نامے کے مطابق بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن کی دولت میں زیورات، جائیدادیں اور کروڑوں روپے کی کاریں شامل ہیں۔
اس حوالے سے مزید پتہ چلا ہے کہ امیتابھ بچن کے پاس 54.77 کروڑ روپے کی جیولری (زیورات) اور 17 گاڑیوں (جس میں مرسڈیز اور رینج روور شامل ہیں) پر مشتمل ایک مکمل فلیٹ موجود ہے۔
جبکہ جیا بچن کے پاس 40.97 کروڑ روپے کے زیورات ہیں۔ جیا بچن کے حلف نامے کے مطابق سال 2022-23 کے مالی سال کے دوران انکی ذاتی دولت 1.63 کروڑ روپے ہے۔
اسی مالی سال کے دوران ان کے شوہر امیتابھ بچن کے پاس ذاتی دولت 273.74 کروڑ روپے ہے۔
جیا بچن کا بینک بیلنس 10.11 کروڑ جبکہ امیتاھ کا بینک بیلنس 120.45 کروڑ روپے ہے۔
واضح رہے کہ جیا بچن کو سماج وادی پارٹی نے راجیہ سبھا کے لیے نامزد کیا ہے۔