بالی ووڈ کے لیجنڈ آنجہانی اداکار رشی کپور کی اپنی پوتی راہا کپور کے ساتھ ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے جسے دیکھ کر مداح حیران رہ گئے۔
سوشل میڈیا پر آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کی مدد سے تیار کی گئی رشی کپور کی ایک تصویر وائرل ہو رہی ہے، اس تصویر میں اُنہیں اپنی پوتی راہا کپور کو گود میں اُٹھائے دیکھا جاسکتا ہے۔
یہ تصویر دیکھ کر مداح حیران رہ گئے کیونکہ رشی کپور تو 2020ء میں اپنی پوتی کے پیدا ہونے سے پہلے ہی انتقال کرگئے تھے۔
آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) کی مدد سے اس تصویر کو اتنے بہترین انداز میں بنایا گیا ہے کہ وہ بالکل کسی اصلی تصویر جیسی لگ رہی ہے۔
یہ تصویر صرف سوشل میڈیا صارفین کو ہی نہیں بلکہ رشی کپور کی اہلیہ، اداکارہ نیتو کپور کو بھی بہت پسند آئی اور اُنہوں نے یہ تصویر بنانے والی صارف کا شکریہ بھی ادا کیا۔
تصویر بنانے والے صارف نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر صرف یہ ایڈٹ شدہ تصویر ہی نہیں شیئر کی بلکہ اس تصویر کو بنانے کا طریقہ بھی بتایا ہے۔
صارف نے ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اس نے تصویر کو بنانے کے لیے رشی کپور کی نیتو کپور کے ہمراہ لی گئی پرانی تصویر لی اور رنبیر کپور کی راہا کپور کے ساتھ کچھ عرصہ پہلے لی گئی تصویر کا استعمال کیا۔
یاد رہے کہ اداکار رشی کپور کینسر کا شکار ہونے کے بعد 30 اپریل 2020ء کو 67 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔
بعد ازاں، رشی کپور کے بیٹے اداکار رنبیر کپور نے 14 اپریل 2022ء کو اداکارہ عالیہ بھٹ سے شادی کی تھی اور اس جوڑی کے ہاں 6 نومبر 2022ء کو بیٹی ’راہا کپور‘ کی پیدائش ہوئی تھی۔