معروف بھارتی کامیڈین کپل شرما نے پاکستانی یوٹیوبر اور پرینک اسٹار نادر علی کے ساتھ دبئی میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ان کا بھی تعلق لاہور سے ہے۔
یوٹیوبر نادر علی نے اپنے فیس بُک اکاؤنٹ پر بھارتی کامیڈین کی جانب سے موصول ہونے والی کال اور ان سے ہونے والی گفتگو کی مختصر ویڈیو شیئر کی اور ساتھ لکھا کہ کپل بھائی جلد ہی آپ سے لاہور میں ملاقات ہوگی۔
مذکورہ ویڈیو کلپ میں کپل شرما کو نادر علی اور ان کے شو کی تعریفیں کرتے اور ان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے سُنا جاسکتا ہے۔
مذکورہ ویڈیو کے آغاز میں بھارتی کامیڈین نادر علی سے حال احوال دریافت کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ’میں آپ کو اتنا پسند کرتا ہوں کہ ابھی میں آپ کا ہی شو دیکھ رہا تھا، آپ بہت اچھا شو کرتے ہیں، میں چاہتا ہوں کہ ہم کبھی ساتھ میں ایک شو کریں جو دبئی میں ہو‘۔
گفتگو جاری رکھتے ہوئے کپل شرما کہتے ہیں کہ ’میرا تعلق امرتسر سے ہے اور میں جانتا ہوں کہ آپ کا تعلق بھی لاہور سے ہے، میرے دادا اور پڑدادا کا تعلق بھی لاہور سے تھا، میرے بڑا تاؤ، چھوٹے تاؤ، میری بوا سب لاہور سے تھے، میرے والد 1915 میں امرتسر میں پیدا ہوئے، میری بہت سی یادیں لاہور سے جُڑی ہوئی ہیں‘۔
کپل شرما نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مزید کہا کہ ’میں آپ کو بہت پسند کرتا ہوں کسی دن ہم دبئی میں ملتے ہیں‘۔
اس پر نادر علی نے رضامندی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’لازمی کپل بھائی، یہ کوئی کہنے کی بات ہی نہیں ہے‘۔
بھارتی کامیڈین نے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے کچھ پروجیکٹس پر کام کیا ہے، جب بھی دبئی جائیں گے تو نادر علی سے رابطہ کریں گے اور ساتھ بیٹھ کر ان پرجیکٹس سے متعلق ساری چیزیں طے کریں گے۔