پاکستانی معروف سیاست دان و سماجی کارکن جبران ناصر نے اہلیہ، اداکارہ منشا پاشا کے ماضی اور پہلی شادی سے متعلق سوال پر اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔
جبران ناصر اور منشا پاشا نے حال ہی میں ایک نجی میگزین کو یوٹیوب پلیٹ فارم پر انٹرویو دیا ہے۔
واضح رہے کہ منشا پاشا کا تعلق شوبز انڈسٹری جبکہ جبران ناصر کا تعلق سیاست اور وکالت کے شعبےسے ہے۔
جوڑی کا بتانا تھا کہ وہ آج کل بہت مصروف ہیں۔
منشا پاشا نے ایک سوال کے جواب پر بتایا کہ آج کل زندگی بہت مصروف گزر رہی ہے، میں اور جبران ناصر گھر پہنچ کر تھوڑا ہی وقت ساتھ گزار پاتے ہیں کیوں کہ دوسرے دن صبح مجھے اپنے پروجیکٹ اور جبران کو عدالت جانا ہوتا ہے۔
پہلے سے شادی شدہ خاتون کے ساتھ دوسری شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر جبران ناصر کا کہنا تھا کہ انہوں نے منشا پاشا سے، جو کہ پہلے سے شادی شدہ تھیں، سوچ سمجھ کر یا منصوبہ بندی کے ساتھ شادی نہیں کی تھی، بس اُن کی منشا سے بات چیت اچھی اور کمسٹری میچ ہو گئی تھی اور انہوں نے شادی کر لی۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ اُن میں پختگی وقت کے ساتھ آئی ہے کہ ہر انسان کا ماضی ہوتا ہے، کسی کا منگنی، شادی اور کسی کا دوستی کی شکل میں ماضی ہوتا ہے۔
جبران ناصر کا کہنا تھا کہ مجھے منشا پاشا کے ساتھ آنے والی زندگی گزارنی ہے، میں کیوں ان کے ماضی پر انحصار کروں گا، سوال اٹھانے کو تو میرے ماضی پر بھی سوال اٹھایا جا سکتا ہے کہ چاہے میں شادی شدہ نہیں تھا مگر میرے بھی تعلقات ہو سکتے ہیں۔