بھارتی فلم’ٹرپل آر‘ کے سنیماٹوگرافر سینتھل کی اہلیہ، یوگا انسٹرکٹر روحی صحت مسائل کے باعث ریاست تلنگانہ کے شہر سکندر آباد میں انتقال کرگئیں۔
جمعرات کو انتقال کرنے والی روحی عرف روحیناز کا جمعرات کو انتقال ہوا، جمعے کو ان کی آخری رسومات ادا کردی گئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق روحی گزشتہ چند روز سے کے آئی ایم ایس اسپتال سکندر آباد میں زیر علاج تھیں، اُن کے متعدد اعضاء فیل ہوچکے تھے، جو موت کی وجہ بنے۔
سینتھل اور روحی کی شادی جون 2009ء میں ہوئی، ان کے 2 بیٹے ہیں، شوہر نے اپنی اہلیہ کی دیکھ بھال کےلیے کئی روز سے کام سے بریک لے رکھا تھا۔
سینتھل اور روحی کے مداحوں نے اس انتقال پر سوگ منایا جبکہ کچھ نے باہو بلی کے سیٹ پر مرکزی اداکاروں کے ساتھ جوڑے کی تصاویر شیئر کیں۔
روحی یوگا انسٹرکٹر تھیں، وہ انوشکا شیٹی، پربھاس اور الینا ڈی کروز سمیت کئی مشہور شخصیات کی انسٹرکٹر تھیں، وہ اس کے ساتھ حیدر آباد ڈویژن میں اپنی یوگا کلاسز بھی چلا رہی تھیں۔