بھارتی معروف فلم اسٹار شاہ رخ خان نے اپنی ایک دلچسپ عادت سے پردہ اٹھاتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ اپنی ہر نئی فلم کی ریلیز سے قبل تقریباً ڈھائی گھنٹے تک نہاتے رہتے ہیں۔
سال 2023ء شاہ رُخ کے کیریئر کا کامیاب ترین سال رہا، اس سال اُنہوں نے یکے بعد دیگرے تین سُپر ہٹ فلمیں ’پٹھان‘، ’جوان‘ اور ’ڈنکی‘ ریلیز کیں اور پیسے کمانے کی دوڑ میں سب بالی ووڈ فنکاروں کو پیچھے چھوڑ دیا۔
یاد رہے کہ 2023ء میں شاہ رخ خان چار سال کے طویل عرصے کے بعد اپنے مداحوں کو بڑی اسکرین پر نظر آئے تھے۔
اب حال ہی میں شاہ رخ خان نے متحدہ عرب امارات میں منعقدہ ’ورلڈ گورنمنٹ سمٹ‘ میں بطور مہمان شرکت کی۔
اس دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اُنہوں نے خود سے متعلق دلچسپ انکشاف کیا۔
شاہ رُخ خان نے بتایا کہ بھارت میں زیادہ تر فلمیں جمعے کے روز ریلیز ہوتی ہیں، یہی وجہہ ہے کہ وہ اپنی ہر نئی فلم کی ریلیز سے ایک دن قبل یعنی کہ جمعرات کو ڈھائی گھنٹے تک نہاتے رہتے ہیں اور اس عادت سے اُنہیں بہت سکون ملتا ہے۔
شاہ رخ خان نے اپنی فلموں سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ فلمیں ہٹ اور فلاپ ہونے کا سارا دارومدار شائقین پر ہوتا ہے، فلموں کے نتائج اکثر اداکار اور فلمسازوں کو حیران کر دیتے ہیں، اکثر اوقات ایسا ہوتا ہے کہ ہم کسی فلم پر بہت زیادہ محنت کرتے ہیں اور وہ فلم فلاپ ہوجاتی ہے، اسی طرح کبھی کبھار کسی فلم کی کہانی جو اداکار اور ہدایتکار کو کچھ خاص پسند نہیں آتی وہ فلم سب سے زیادہ ہٹ ہوجاتی ہے۔